19 اگست اردو ادب میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آج مشہور شاعر اور گیت کار جان نثار اختر کی برسی اور اردو کے نامور غزل گو، مرثیہ گو اور منقبت نگار شاعر جناب استاد قمر جلالوی کا یوم پیدائش ہے۔ ذیل میں ہم ان دونوں شعرا کا مختصر تعارف پیش کرتے ہیں۔

 

جان نثار اختر


مشہور اردو شاعر اور گیت کار جان نثار اختر 14 فروری 1914 کو بھارت کے شہر گوالیار (مدھیہ پردیش) میں پیدا ہوئے۔ بیسویں صدی کے عظیم اردو غزل اور نظم گو شاعروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ وہ ترقی پسند رائٹرز تحریک کا حصہ تھے۔ وہ گیت کار جاوید اختر کے والد تھے اور مزتر خیر آبادی کے بیٹے تھے۔ 1938ء میں علی گڑھ یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔ 1940ء میں وکٹوریا کالج گوالیار میں اردو کے لیکچرار ہوگئے۔ اس کے بعد حمیدیہ کالج بھوپال میں اسی عہدے پر مقرر ہوئے۔ یہاں سے استعفیٰ دے کر ممبئی چلے گئے جہاں فلمی دنیا سے منسلک ہوگئے۔ نظموں کے مجموعے سلاسل، پچھلے پہر اور نذر بتاں شائع ہوچکے ہیں۔ 1976ء میں انہیں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ ترقی پسند اور انقلابی شاعر تھے اور ان کے شاعری میں اس کا اظہار ہوتا ہے
انہوں نے 151 فلمی گانے لکھے۔ جن مشہور فلموں میں ان کے نغمے شامل ہیں ان کے نام ’’یاسمین، سی آئی ڈی، رستم سہراب، نوری، پریم پروت، شنکر حسین، رضیہ سلطان‘‘ ہیں۔ 19 اگست 1976 کو ان کا انتقال ہوا۔

 

استاد قمر جلالوی

 

اردو کی نامور غزل گو، مرثیہ گو اور منقبت نگار شاعر جناب قمر جلالوی 19 اگست 1884 میں قصبہ جلالی ضلع علی گڑھ میں پیدا ہوئے۔ بچپن ہی سے شاعری کا شوق تھا۔ انہوں نے بہت کم عمری میں شاعری میں دسترس حاصل کی اور 22 سال کی عمر میں شاگردوں کے کلام کی اصلاح کرنے لگے۔ یہیں سے لفظ استاد ان کے نام کا سابقہ بن گیا اور چھوٹے بڑے سبھی ان کو استاد کہنے لگے۔

قیام پاکستان کے بعد استاد قمر جلالوی نے کراچی میں رہائش اختیار کی اور بہت جلد ہر مشاعرے کا جزو لازمی بن گئے۔ وہ اپنے مخصوص ترنم اور سلاست کلام کی وجہ سے ہر مشاعرہ لوٹ لیا کرتے تھے۔ ان کے کلام میں دہلی اور لکھنو دونوں مکاتب شاعری کی چاشنی، شوخی اور لطافت نظر آتی تھی۔ غزلیات کے علاوہ وہ مرثیے، سلام، منقبت اور رباعیات بھی کہتے تھے اور ان میں بھی ان کے کلام کے سبھی خوبیاں موجود ہوتی تھیں۔ ان کے کلام کے مجموعے اوج قمر، رشک قمر، غم جاوداں اور عقیدت جاوداں کے نام سے اشاعت پذیر ہوئے۔

ان کا انتقال 24 اکتوبر 1968 کو ہوا۔


Android app on Google Play
iOS app on iTunes
googleplus  twitter