شبنم رومانی

 

آج مورخہ 30 دسمبر اردو کے معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار شبنم رومانی کا یوم پیدائش ہے شبنم رومانی 30 دسمبر 1928ء کو شاہ جہاں پور، ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام مرزا عظیم بیگ چغتائی ہے اور ادبی حلقوں میں اپنے تخلص شبنم رومانی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے پہلا تخلص ’’آہ‘‘ اختیار کیا، اس کے بعد ’’ماتم‘‘ اور بعد ازاں ’’شبنم‘‘ ہوگئے۔ ان کے والد مرزا اظہر بیگ چغتائی بھی ایک نامور شاعر تھے۔ شبنم رومانی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور تقسیم ہند کے بعد پاکستان آگئے جہاں انہوں نے بقیہ عمر کراچی میں گزاری، ان کی شاعری کی پہلی کتاب ’’مثنوی سیر کراچی‘‘ 1959 میں شائع ہوئی اور ادبی حلقوں میں اس کو کافی پذیرائی ملی۔ ان کی دیگر کتابوں میں ’’جزیرہ‘‘، دوسرا ہمالہ‘‘ اور ’’تہمت‘‘ شامل ہیں۔ کراچی سے اردو تنقیدی رسالہ سہ ماہی ’’اقدار‘‘ کے مدیر بھی تھے۔ اس کے علاوہ وہ ایک طویل عرصے تک روزنامہ مشرق میں ہائیڈ پارک کے نام سے ادبی کالم تحریر کرتے رہے۔ اور ان کالموں کا مجموعہ اسی نام سے اشاعت پذیر بھی ہوا
احمد ندیم قاسمی نے برسوں پہلے شبنم رومانی کی شاعری کے متعلق کچھ یوں کہا تھا کہ سخنوری اور ہنروری جس حسن توازن کے ساتھ شبنم رومانی کی نظموں اور غزلوں میں پائی جاتی ہے وہ اپنی جگہ ایک مثال ہے۔ غزل ہو یا نظم، شبنم موضوع کی مناسبت سے الفاظ کو اتنے سلیقے سے سلکِ حسن میں پروتا ہے کہ بیشتر مقامات پر زبان اور بیان پر اس کا عبور ’’اعجاز‘‘ کا درجہ حاصل کرلیتا ہے۔
آزاد نظموں کو مقبول بنانے میں بھی شبنم کا کردار بہت نمایاں رہا ہے۔ شبنم، رومانی الفاظ کی خارجی اور داخلی موسیقی پر کماحقہ حاوی ہے۔دوسری تمام چیزوں پر مستزاد شبنم کی فکری توانائی بھی بے حد جاندار ہے جو زندگی کا اثبات کرتی ہے جبکہ شبنم کے یہاں موضوعات کا اتنا تنوع ہے کہ ان کی پوری زندگی متنوع ہوتی ہے۔ شبنم کی شاعری سچی اور اچھی شاعری توہے ہی، دیانت دارانہ شاعری بھی ہے۔ وہ اردو شعرا کی اس نسل سے تعلق رکھتے تھے جسے کلاسیکی، نیم کلاسیکی، ترقی پسند اور جدیدیت کے مابین ایک عبوری دور کی نسل کہا جاسکتا ہے۔
شبنم رومانی طویل علالت کے بعد 80 سال کی عمر میں 17 فروری 2009 کو خالق حقیقی سے جاملے۔


درد پیراہن بدلتا ہے یہ ہم پر اب کھلا
صرف لفظوں کی دھنک کو شاعری سمجھتے تھے ہم
۔۔۔۔۔۔۔
اب کے بارش ایک ساتھی دے گئی
ایک چہرہ بن گیا دیوار پر


Android app on Google Play
iOS app on iTunes
googleplus  twitter