Description
تفصیل
بُشرٹ یا بُش شرٹ دراصل اوپن شرٹ سے ملتا جلتا ایک لباس ہے، اس کا دامن گول ہوتا ہے مگر گریبان سینے تک بنایا جاتا ہے، جس میں بٹن لگے ہوتے ہیں، تیرہ ذرا چوڑا اور کالر عام قمیص کے کالر سے ڈھیلا رکھا جاتا ہے، زیادہ تر ایسے افراد اسے استعمال کرتے تھے جو اپنے بھدّے جسم کی بناء پر پتلون کے ساتھ اوپن شرٹ نہیں پہننا پسند کرتے تھے کیونکہ اوپن شرٹ پتلون کے اندر کرنی پڑتی ہے جبکہ بُش شرٹ پتلون سے باہر رکھی جاتی ہے جس کی بناء پر جسم کا بھدّا پن نمایاں نہیں ہوتا۔البتہ بعض نوجوان اور شوقین افراد بھی اس کا استعمال کرتے رہے ہیں، نئے دور میں ٹی شرٹ نے اس کی جگہ لے لی ہے اور بش شرٹ کا استعمال خاصا کم ہوگیا ہے۔
آج سے 70 سے لے کر 80 سال پہلے تک بُش شرٹ / پتلون کا رواج عام تھا اور دفاتر وغیرہ کا غیر اعلانیہ سرکاری لباس سمجھا جاتا تھا، مگر اب دور بدل چکا ہے، اقدار تبدیل ہوچکی ہیں، پتلون قمیص آج بھی ایک زمانہ استعمال کرتا ہے مگر ٹی شرٹ نے سارے اصول بدل ڈالے ہیں۔ یہاں تک کہ پاکستان میں تو شلوار قمیص کے سیلاب کے آگے روایتی لباس معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔