URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Pakistani Dishesپاکستانی ڈشز

Tandoori Roti / Tannori Roti تندوری روٹی / تنّوری روٹی

English NameTandoori Roti / Tannori Roti

Description

تفصیل

تنّوری یا خمیری تندوری روٹی مشرق کی روائتی روٹی ہے۔ تجارتی طور پر بھی تیّار کی جاتی ہے، ہوٹلوں اور بازاروں میں نان بائیوں اور بھٹیار خانوں کے تنّوروں میں لگا کرتی ہے۔اکثر گائوں ،دیہاتوں اور پہلے زمانے میں گھروں میں آٹا گوندھ کر اور اُس میں تھوڑا خمیر شامل کرکے آٹا تنّوروں یا بھٹیارنوں کے پاس بھجوایا جاتا تھا اور بھٹیارنیں موٹی موٹی روٹیاں تھاپ کر متعلقہ گھر میں بھجوا دیا کرتی تھیں۔یہ خمیری تنّوری روٹیاں اس قدر ذائقہ دار ہوا کرتی تھیں کہ اکثر و بیشتر گرما گرم روٹی پر اصلی گھی یا مکھن چپڑ کر اور گُڑ باریک باریک کُتر کر یا شکر چھڑک کر یوں ہی بغیر کسی سالن کے کھائی جاتی تھیں ،اب آپ اسے مشرقی روایات کا حامل "پیزا" کہہ لیجیے ، "رول" کا نام دیجیے یا "ڈونٹس" ، یہ روٹیاں ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہوا کرتی تھیں ۔اب چونکہ اُس معیار کی تنّوری خمیری روٹیاں نہیں بنائی یا لگائی جارہیں اس لیے ہماری گفتگو کا محور "زمانۂ ماضی"ہے۔اُن خمیری چَرکا مارتی روٹیوں کے ساتھ نان بائی یا بھٹیارے چند مخصوص سالن بھی تیار کیا کرتے تھے جو اِن روٹیوں کے ذائقہ کو بڑھادیا کرتے تھے۔شمالی ہند کے شہروں اور دیہاتوں میں ان روٹیوں کے ساتھ کڑھی، چنے کی دال کریلے،آلو گوشت،بُھنا قیمہ،نہاری،پایا،کابلی چنوں کا سالن یا انڈا چنا ،نئی فصل کا آلو میتھی جس میں بہت چھوٹے چھوٹے آلو شامل کیے جاتے تھے جو ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہوا کرتے ہیں۔سرائے خانوں اور بھٹیار خانوں میں ان سالنوں کا رواج عام تھا اور مسافر خمیری تنّوری روٹی کے " سِحر " میں ان مزے دار سالنوں سے بھی بھرپور استعمال کرتا۔برصغیر میں ان لذیذ سالنوں کا شوربہ پینے کی روایت اسی دوران شروع ہوئی ہوگی اور اِن شوربے والے سالنوں کا ذائقہ مزید بڑھانے کے لیے اِن پر کوتھ میر (ہرا دھنیا) کتر کر چھڑکا جاتا ،اور تنوری خمیری روٹی سے تناول کیا جاتا۔اُس زمانے میں دال بھی اس قدر اہتمام سے پکائی جاتی تھی کہ "قورمہ" کا گُمان گذرتا۔یہ خمیری تنّوری روٹیاں خوب مزا دیا کرتیں۔افسوس آج کی نسل ان روٹیوں کے ذائقہ سے آگاہ نہیں ہے اور نہ ہی اُس دور سے جب کھانے پینے کو بھی "اقدار" میں شامل کیا جاتا تھا۔میز کُرسیوں کی بجائے دسترخوان بِچھانے کا رواج تھا۔تمام گھر والے ایک ساتھ کھانا کھاتے اور اللہ تعالٰی سے اس اتحاد کا انعام اور برکت بھی پاتے۔ اس کی لذت عام روٹی سے مختلف ہوا کرتی ہے ۔تنّور میں سینکی جاتی ہے جہاں لکڑیوں کی آگ ہو یا موجودہ دور کے تنّوروں میں سُوئی گیس کے ذریعہ آگ دہکائی جاتی ہے۔ تنّوری روٹی کے بنانے میں خاص مہارت درکار ہوتی ہے۔ تنّور عموماً مٹّی کے (ساختہ) ہوتے ہیں یا لوہے کی چادر سے تیار کیے جاتے ہیں۔ آہنی تنّور عموماً لمبے عرصے تک کارآمد رہتے ہیں۔ یہ طریقۂ کار صدیوں سے مشرقی ممالک میں رائج ہے۔اکثر تنّوری روٹی کے آٹے میں رات کا اُٹھایا ہوا خمیر شامل کرکے گوندھا جاتا ہے اور اسے "خمیری روٹی" کا نام دیا جاتا ہے جو تنّور ہی میں پکائی جاتی ہے،ذائقہ انتہائی لاجواب ہوتا ہے اور شُمالی ہند،گُجرات اور راجستھان وغیرہ کے علاقوں میں خمیری روٹی آلو گوشت ، اُرد کی دال ،نہاری،قورمہ،کڑھی،پایا اور دیگر کھانوں کے ساتھ رغبت سے کھائی جاتی ہے۔زود ہضم ہے اور طبیعت کو گراں نہیں گزرتی۔ یہ بات آپ قارئین کے لیے دل چسپی سے خالی نہ ہوگی کہ برصغیر کی تندوری روٹی کی نقلیں دُنیا بھر میں تیّار کی گئی ہیں اور ملائیشیا می ایک خاص روٹی canai بھی اسی سلسلے کی اہم روٹی ہے جسے "chanai" بھی کہا جاتا ہے۔

Poetry

Pinterest Share