URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Pakistani Dishesپاکستانی ڈشز

Behari Kebab بہاری کباب

English NameBehari Kebab

Description

تفصیل

یہ مخصوص ڈش ہندوستان کے صوبہ بِہار سے منسوب ہے۔ پاکستان میں بھی بہاری خاندانوں کی آمد کے بعد اسے مقبولیتِ عام حاصل ہوئی۔انڈر کَٹ گوشت کے پارچوں(پسندوں) کو انتہائی نفاست سے کاٹ کر پِسا ہوا لہسن ،ادرک ،پیاز ، کچّا پپیتا ،نمک ،مرچ مسالے اور تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر پسندوں کے ساتھ خوب اچھی طرح مِلاتے ہیں اور سیخوں پر گونتھنے سے پہلے تقریباً تین سے چار گھنٹہ ان پسندوں کو رکھ دیتے ہیں۔ کچھ دیر بعد صاف ہاتھوں سے پھر گوشت اور تمام مسالوں کو ملادیتے ہیں۔کباب سینکنے سے پہلے کوئلوں کا چولہا تیّار کیا جاتا ہے اور پھر چَپٹی سیخوں پر یہ پارچے پِرو کر اور اُن پر تمام مسالہ ہاتھ سے مَل کر گرم کوئلوں کی نرم آنچ پر رکھ دیے جاتے ہیں ۔تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد سیخوں کے مقام اور نوعیت کو تبدیل کرتے رہتے ہیں،ساتھ ہی کسی چمچہ کی مدد سے سیخوں پر گھی یا تیل ٹپکاتے رہتے ہیں۔فضا میں بہاری کبابوں کی اشتہا انگیز خوشبو پھیل جاتی ہے اور کھانے والا اپنی اشتہا پر قابو نہیں پاسکتا ،چنانچہ گرما گرم سیخوں سے ہی اُتار کر کھانا شروع کردیے جاتے ہیں۔پیاز کے لچھوں ،نیبو کے رس اور ہرے دھنیے کی پتیوں کے ساتھ ان کبابوں کی لذت کو دو آتشہ کردیا جاتا ہے اور چپاتی،خمیری روٹی یا اُبلے ہوے سادہ چاولوں کے ساتھ انتہائی رغبت سے کھائے جاتے ہیں۔بہاری کبابوں کی خاص گلاوٹ ہی میں ان کا مزا ہے۔کبھی کبھار یہ پسندے دیگچی میں روغن ڈال کر پکالیے جاتے ہیں لیکن ان میں سیخوں پر بُھونے گئے کبابوں والا مزا نہیں ہوتا تاہم کھانے والے کی " جی پشوری" ہو جاتی ہے۔ بہاری کباب انتہائی لذیذ اور پسندیدہ کباب تسلیم کیے جاتے ہیں۔ مختلف چٹنیوں کے ذریعہ ان کو مزید ذائقہ دار بنایا جاتا ہے اور ساتھ میں سلاد کا استعمال اس کے مزے کو دوبالا کر دیتا ہے۔

Poetry

Pinterest Share