Description
تفصیل
ایسا تاجر جو اپنے کاروبار میں ترقی کر تے کرتے اس مقام تک پہنچ جائے جہاں وہ مل یا کارخانہ قائم کرلے صنعتکار کی صف میں شامل ہو جاتا ہے۔عام طور پر ایسے لوگ زیادہ تر وسائل اپنے کاروبار سے ہی مہیا کرتے ہیں۔ جس مخصوص شعبے میں انہوں نے اپنا کاروبار چلایا ہوتا ہے اور اس میں مہارت حاصل کی ہوئی ہوتی ہے‘عام طور پر اسی شعبے میں یہ لوگ سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ اگر یہ کاروبار بہت بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا منصوبہ ہے‘ تو اس کے لیے انہیں اضافی وسائل مہیا کرنے کے لیے دوسرے شراکت داروں سے بھی مدد لینی پڑتی ہے۔ جس کی ایک صورت یہ ہے کہ کچھ لوگ مل کر طے شدہ معاہدے کے مطابق اپنے اپنے حصے کا سرمایہ لگائیں اور کام شروع کر دیا جائے۔ دوسری صورت یہ ہوتی ہے۔حصص کی صورت میں عام لوگوں سے سرمایہ اکٹھا کیا جائے۔پہلی صورت میں کاروبار کو شراکت داری(پارٹنر شپ )اور دوسری صورت میں جوائنٹ اسٹاف کمپنی کہا جاتا ہے۔ دونوں صورتوں میں کاروبار کی مجموعی ذمہ داری شراکت داروں یا بورڈ آف ڈائریکٹرز پر ہوتی ہے۔ ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے عام طور پر ماہرینِ فن ملازم رکھے جاتے ہیں جو ہر شعبے کی کارکردگی کے ذمہ دار قرار دیئے جاتے ہیں۔ کاروباری سال کے خاتمے پر ایک جائزہ رپورٹ پیش کی جاتی ہے جسے کاروبار کی کارکردگی اور نفع و نقصان کا پتا چلتا ہے اور کاروبار کو وسعت دینے یا سمیٹنے یا ختم کرنے کے متعلق فیصلے بورڈ آف ڈائریکٹرز یا شراکت داروں کے سالانہ اجلاس میں کیا جاتا ہے۔ ان تمام امور کے لیے قواعد و ضوابط موجود ہیں جن کی پابندی کرنا ہر صنعتکار کی قانونی ذمہ داری ہے۔