Description
تفصیل
گُلِ مسیحت نرم و نازک پودا ہے جو سدا بہار یا پت جھڑا ہوتا ہے۔ یہ بیل کی صورت میں ہوتے ہیں اور جنوبی امریکہ کے گرم علاقوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے تنے پتلے ہوتے ہیں جو اپنے ریشے کے ذریعے اوپر چڑھتے ہیں۔ یہ 20-30 فِٹ لمبے ہوتے ہیں اور چھوٹے اور گہرے سبز رنگ کے پتّوں سے ڈھکے ہوتے ہیں۔ ان بیلوں پر اودے رنگ کے خوشنما اور خوبصورت پھول کِھلتے ہیں جو 3-5 سینٹی میٹر قطر کے ہوتے ہیں اور یہ ایک ہی ہوتا ہے جو ایک لمبی ٹہنی سے جڑا ہوتا ہے۔ اس کے پھول کے اوپر ایک کٹوری ہوتی ہے جس کی پانچ پتیاں یکساں حجم کی ہوتی ہیں۔ اس کے اوپر سُوت کے دھاگے کی مانند ایک دائرہ پایا جاتا ہے۔ اس کے شگوفے کے مختلف حصّے دلچسپ طریقے سے مرتب ہوتے ہیں ۔ چنانچہ اس کے پودے کو پیشن فلاور(یعنی جذبۂ مسیح / مسیح کا نغمہ) کا نام دیا گیا ہے جو علامتی طور پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کی کچھ اقسام لذیذ پھل پیدا کرتی ہیں جو مختلف جسامت اور شکلوں کی ہوتی ہیں۔ اس کے اندر جیلی کی مانند گودا ہوتا ہے جس کے اندر بہت سے بیج ہوتے ہیں۔