Description
تفصیل
"جِلد" عربی اسم موئنث ہے یعنی کھال ، چمڑا ، جانداروں کے جسم کا پوست جو اندرونِ جسم کے اعضاء ، رگوں ، پٹھّوں وغیرہ کو حفاظت سے رکھتا ہے۔یہ درحقیقت ایک ایسا نرم غلاف ہے جس کے نیچے جسمانی اعضاء پائے جاتے ہیں۔
کھال یا جِلد جسم کے ہر حصے کو ڈھانپے ہوئے ہوتی ہے۔ اس کی دو تہیں ہوتی ہیں۔ بیرونی سخت تہہ بَشرہ (epidermis) اور اندرونی نرم تہہ اَدمہ (dermis) کہلاتی ہے۔ اندرونی تہہ میں بے شمار غدود (glands) ہوتے ہیں جو پسینہ خارج کرتے ہیں ان غدود کے مواد میں خون کے اخراجی مادے (جو کہ جسم سے نکال دیۓ جاتے ہیں) اور پانی شامل ہوتا ہے۔ پسینہ کا اخراج کھال اور جسم کے درجہ حرارت کو اعتدال پر رکھتا ہے۔ دماغی محنت، جسمانی مشقت یا گرمی سے پسینہ آتا ہے۔ پسینہ جلد کو مرطوب رکھتا ہے اور جسم میں حرارت کا توازن قائم رکھتا ہے۔
جِلد جسم کی حفاظت کرتی ہے، اُسے جراثیم سے محفوظ رکھتی ہے، جسم کو پانی سے بچاتی ہے، سردی اور گرمی سے محفوظ رکھتی ہے۔ جِلد کی رنگت Melanium نامی مادے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ گہری بھوری جِلد والوں میں یہ مقدار زیادہ ہوتی ہے۔انسانی جِلد کی موٹائی 0.05 سینٹی میٹر سے 0.65 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔
یہ ایک دل چسپ طِبّی حقیقت ہے کہ جسم کی جِلد کا کل وزن جِگر یا دماغ کے وزن سے دو گنا ہوتا ہے۔ اوسط درجے کے قد والے افراد کی جِلد کا کل رقبہ بیس ہزار مربع سینٹی میٹر تک ہوتا ہے۔
اُردو لغت کے حوالے سے جِلد کتاب کے پَٹّھے ،کتاب کی جُز بندی یا سلائی وغیرہ کو بھی کہتے ہیں۔
اُردو قواعد میں جِلد کی جمع "جِلدوں یا جِلدیں" ہے۔