Description
تفصیل
شہد کی مکّھی اُڑنے والا کیڑا ہے۔ یہ بھنورے اور چیونٹی کے قریب تر ہے۔ یہ Apoidea سُپر خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ شہد کی مکھی موم اور شہد حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ یہ پھولوں کے رس کو چوس کر شہد بناتی ہیں ۔ شہد کی مکھی میں ایک لمبی زبان ہوتی ہے جسے وہ پھولوں کا رَس کشید کرنے کے لئے استعمال کرتی ہے۔ اس مکھی کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس کی 5 آنکھیں ہوتی ہیں۔ نَر مکھی میں 13 اینٹینے اور مادہ مکھی میں 12 اینٹینے ہوتے ہیں ۔ اس کے پروں کے دو جوڑے ہوتے ہیں۔ پچھلے پَر آگے والے پَروں سے چھوٹے ہوتے ہیں۔ یہ اپنی ٹانگوں کی مدد سے پھولوں کے زیرے پر بیٹھتی ہے اس کے جسم کے پچھلے حصے میں ڈنک ہوتا ہے۔ شہد کی مکھی کی تقریباً 30,000 قسمیں ہیں۔ یہ مکھیاں تنہا بھی رہتی ہیں اور بہت سی دوسری مکھیوں کے ساتھ بھی۔ مگر زیادہ تر اپنی الگ بستی بسا کر رہتی ہیں۔ ان میں شہد والی مکھیاں اور بغیر ڈنک کی مکھیاں دونوں شامل ہوتی ہیں۔