Description
تفصیل
کریلا منطقۂ حارہ اور نیم منطقۂ حارہ علاقوں میں بیل پر لگتا ہے۔ ایشیا‘ افریقہ اور جزائرِ غرب الہند میں اسے بڑی مقدار میں کھایا جاتا ہے۔ یہ دوسری تمام سبزیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تلخ اور کڑوا ہوتا ہے۔ اس کی مختلف اقسام ہیں جو اپنی مختلف ساخت اور کڑواہٹ کے لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل ہیں۔ اس کی بیرونی سطح پر اُبھرے ہوئے مَسّے پائے جاتے ہیں۔ کریلے کی ساخت لمبوتری ہوتی ہے۔ یہ اندر سے کھوکھلا ہوتا ہے اور اس میں گودے کی پتلی سی تہہ ہوتی ہے۔ اس کے بیج چوڑے اور مخروطی ہوتے ہیں جو درمیانی جگہ میں پائے جاتے ہیں ۔یہ کَچّی حالت میں یا پھر جب یہ سبز سے پیلا ہونا شروع ہوتا ہے تب کھایا جاتا ہے۔ اس مرحلے پر اس کے گودے کی بناوٹ مُرمُری ہوجاتی ہے جیسے کھیرے‘ شملہ مرچ یا گول لوکی کی ہوتی ہے۔اس کی کچھ اقسام میں اس کا چھلکا نرم اور خوش ذائقہ بھی ہوتا ہے۔ جب یہ پھل کَچّا ہوتا ہے تو اس کے بیج اور گودا سفید ہوتا ہے اور بعض اوقات پکانے سے پہلے یہ نکال دیے جاتے ہیں۔