جل جل کے سب عمارتِ دل خاک ہوگئی
کیسے نگر کو آہ محبت نے دی ہے آگ
(میر تقی میر)
|
بتوں کو ساری خدائی کی باتیں آتی ہیں
یہ راہ و رسم محبت مگر نہیں معلوم
(سحر(امان علی))
|
خاکساران محبت کے جہاں مدفن ہیں
ابر رحمت کے عوض خاک برستی ہے وہاں
(رند)
|
محبت نے تمھارے دل میں بھی اتنا تو سر کھینچا
قسم کھانے لگے تب ہاتھ میرے سر پہ دھر بیٹھے
(درد)
|
دل بیٹھ گیا جب نگہ یاس نہ اٹھی
اچھے نظر آتے نہیں آثارِ محبت
(احسن مارہروی)
|
دل میں نامور محبت کا برا ہوتا ہے
ہائے رہ رہ کے بھبکتا ہے یہ پھوڑا کیا کیا
(ظہیر)
|