Description
تفصیل
بڑے جھینگے سے چھوٹی جسامت والے جھینگے اس نوع میں شامل کیے جاتے ہیں جنہیں "Marine Crustacean" گروہ میں شمار کیا جاتا ہے۔ساخت کے لحاظ سے یہ بڑے جھینگوں سے چھوٹے ہوتے ہیں اور ان کے اندر سے بھی سفیدی مائل گوشت برآمد ہوتا ہے جو پکنے کے بعد بڑی حد تک خستہ ہوجاتا ہے اور ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔جھینگا غذائیت کے اعتبار سے بھرپور مچھلی شمار کی جاتی ہے کیونکہ کیلشیم، میگنیشیم اور پوٹاشیم جیسی دھاتوں کا حامل ہونے کی وجہ سے جھینگا مچھلی انسانی صحت کی بقاء کی بھرپور ضامن ہے، علاوہ ازیں آیوڈین کی موجودگی کی وجہ سے غذا میں ان کا استعمال انسانی ذہنی استعداد میں اضافہ کا سبب بنتا ہے نیز جھینگا مچھلیوں کا استعمال ذہانت اور فطانت میں بھی اضافے کا باعث ہے۔
تحقیق کے مطابق جھینگے کی تقریباً پچاس ہزار اقسام پائی جاتی ہیں جو مختلف جسامتوں میں ہیں۔ چھوٹی سے چھوٹی جسامت جو پائی گئی ہے وہ 0.1 ملی میٹر ہے جب کہ جاپان کے Spider Crab سب سے طویل جسامت کا پایا جاتا ہے اور اس کی ٹانگیں ساڑھے بارہ فٹ‘ وزن تقریباً چوالیس پونڈ تک پایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں جھینگے کی کھپت دس ملین ٹن سالانہ ہے جو انسانی غذائی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔