Description
تفصیل
کنگ فوٹسی یا کنفیوشس پانچویں صدی قبل مسیح میں چین کے زبردست مذہبی رہنما تھے۔ جن کی تعلیمات چین‘ جاپان اور کوریا کے باشندوں پر صدیوں تک بہت گہرا اثر رہا۔ اب بھی ان کے پیروکار ان علاقوں میں کصرت سے پائے جاتے ہیں۔ یہ اپنے زمانے کے ایک فاضل بزرگ تھے۔ بعض لوگوں کے نزدیک ان میں پیغمبری صفات تھیں۔ انہوں نے اپنے کردار و گفتار سے کئی ہزار معتقدین اپنی زندگی میں بنالئے تھے۔ آپ نے بڑی محنت سے چین کے قدیم علم و ادب کی ادارت و اشاعت کی۔ آپ نے شادی بھی کی اور اولاد بھی ہوئی مشرقی ایشیا کے کروڑوں باشندے آپ کا نام آج بھی عزت سے لیتے ہیں بقول ۔۔۔ کے آپ کو لوگ ایک گیانی گرو (مجتہد) اور مہاتما (سنت) خیال کرتے ہیں۔ آپ کی تعلیمات اعلیٰ درجے کی تخیل پرستی‘ ایثار نفسی‘ بے غرضی‘ ہر طرح کی حرص و ہوس سے کامل آزادی‘ زندگی کا سادہ پن‘گیان حاصل کرنے کی پرجوش سرگرمی ‘ عملی حق پرستی‘ صداقت پسندی اور نیکی و پاکیزگی پر مشتمل ہیں۔ پروفیسر ٹی‘ ڈی سوزک اپنی مشہور تصنیف ’’مختصر تاریخ چین کی فلاسفی‘‘ میں لکھتا ہے کہ چینیوں کے دلوں میں کنفوشش کی اتنی تعظیم اس وجہ سے ہے کہ آپ کی تمام اخلاقیات‘ انسانیت پر مبنی ہیں کسی فوق الفطرت پراسرار روحانیت پر نہیں ہے۔ کنفیوشیس کی مجلس تعلیم میں پانچ فرائض شامل ہیں۔ ١۔ حکمران کے فرائض ٢۔ والدین اور بچوں کے فرائض ٣۔ میاں اور بیوی کے فرائض ٤۔ بھائی بھائی کے فرائض ٥۔ پڑوسیوں اور دوستوں کے فرائض۔ اخلاقیات کے یہ درس اپنی جگہ مگر خالقِ کائنات کے لئے ان کے دل و دماغ یکسر خالی رہے۔ ان کے ذہن میں کوئی حیات بعد از ممات یا کوئی سزا اور جزا کا تصور یا جنت و دوزخ کا امکان موجود نہیں رہا۔