Description
تفصیل
کیمیا سائنس کا وہ شعبہ ہے جو اشیاء کی ترکیب( جن چیزوں سے مل کر وہ بنی ہے) اور اس کی خصوصیات( کثافت‘حجم اور تیزابیت وغیرہ) کا مطالعہ کرتی ہے ۔کیمیا دان وہ شخص ہے جو کسی شے کی خصوصیات کا مطالعہ بہ اعتبارِِ مقدار کرتا ہے۔ جس میں سالمہ(molecules) اور ذرّات(atoms) کا مطالعہ شامل ہے۔ کیمیا دان کسی بھی چیز کا جوہر ناپنے کی کوشش کرتا ہے‘ اس کے رد عمل کی کیفیت کا مطالعہ کرتا ہے اور اسی طرح دوسری کیمیائی خصوصیات پر بھی غور کرتا ہے۔ اس مطالعے کے دوران وہ تجربات کے ذریعے جہاں ایک طرف کسی شے میں موجود خصوصیات کی دریافت کرتا ہے‘ وہیں وہ دوسری طرف کچھ نئی مفید ایجادات بھی کرتا ہے۔ بیشتر اوقات یہ نئی ایجادات مصنوعی نوعیت کی ہوتی ہیں۔
لغوی اعتبار سے ہر وہ شخص جوعلمِ کیمیا سے واقف ہے وہ کیمیا دان کہلاتا ہے مثلاً تعلیم کے شعبے میں علمِ کیمیا کی تدریس کرنے والا استاد (ابتداء سے لے کر پی ایچ ڈی اور ڈی ایس سی تک) بلا شبہ کیمیادان ہے۔کیمیا دانوں کی ضرورت‘ صنعت کے شعبے میں روز بہ روز بڑھتی جارہی ہے۔ شاید ہی کوئی ایساکارخانہ مل یا پیداواری ادارہ ہو جہاں کیمیا دان کی ضرورت محسوس نہ کی جاتی ہو۔ وہ کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے کا کارخانہ ہو یا کپڑے بنانے کا‘ سیمنٹ کا کارخانہ ہو‘ دوائیں بنانے کا کارخانہ یا پیٹرولیم سے متعلق ادارہ ہو۔غرض ہر جگہ کیمیا دان کی ضرورت محسوس کی جاتی ہے۔
یوں تو ہر تحقیقی کام کے لیے تجربہ گاہ کی ضرورت ہوتی ہے مگر ایک کیمیا دان کے لیے جس تجربہ گاہ کی ضرورت ہوتی ہے اس پر نہ صرف یہ کہ بہت لاگت آتی ہے بلکہ یہ تجربہ گاہ بہت حساس بھی ہوتی ہے ۔ اپنی تجربہ گاہ میں نہ صرف کیمیا دان بلکہ اس کے ہر معاون اور ہر کارکن کے لیے ہر وقت چوکنا اور ہوشیار رہنا نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ذرا سی غفلت اور لاپرواہی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے یا کیمیا دان کو اس کے مطلوبہ نتائج کے حصول سے دور کر سکتی ہے۔