Description
تفصیل
تَلی ہوئی مچھلی ایک بہترین ڈش ہے جو پوری دنیا میں استعمال کی جاتی ہے۔ سمندر سےحاصل ہونے والی اس آبی غذا پر آدھی دنیا کا انحصار ہے۔ سالم تلی جانے والی مچھلی پاپلیٹ (نسل) کی ہوتی ہے جس کے کَھپرے اور آلائش صاف کرنے کے بعد اسے فرائی پان پر روغن کے ساتھ کباب کی طرح تل لیا جاتا ہے،تلنے سے پہلے پاپلیٹ پر مسالے حسب منشاء لگا کر کچھ دیر رکھ دیتے ہیں۔ پاپلیٹ مچھلی میں چونکہ صرف ایک کانٹا ہوتا ہے لہٰذا نہایت رغبت کے ساتھ کھائی جاتی ہے، اس نسل میں "سُرمئی پاپلیٹ " نہایت لذیذ اور مقبول عام ہوتی ہے ۔ برصغیر کے کئی علاقوں میں اس کا استعمال خوب کیا جاتا ہے۔ خواص کے کھانوں میں ایک پسندیدہ ڈش کے طور پر دستر خوان کی زینت بنائی جاتی ہے۔مچھلی کھاتے ہوئے اس کے کانٹوں سے محتاط رہنا پڑتا ہے ،اللہ نخواستہ اگر مچھلی کھاتے ہوئے کانٹا چُبھ جائے تو خُشک روٹی یا اُبلے ہوئے چاولوں کے ایک دو لقمے کھانے سے کانٹا اُتر جاتا ہے لیکن اگر اس طریقہ سے افاقہ نہ ہو تو ایک چمچہ میں نیبو(لیموں) کا رس لے کر آہستہ آہستہ کانٹے پر ڈالیں ،انشاء اللہ تعالٰی کانٹا فوراً نرم ہوکر نکل جائے گا اور تکلیف بھی نہیں ہوگی کیونکہ لیموں کے رس میں مچھلی کے کانٹوں کو گَلا دینے کی صلاحیت ہوتی ہے۔بعض اوقات مچھلی کے قتلوں پر مسالوں کے ساتھ لیموں کا عرق بھی نچوڑتے ہیں ،اس طریقے سے مچھلی نہایت خوش ذائقہ ہو جاتی ہے۔