Description
تفصیل
انگریزی زبان کا لفظ بروکر Broker فرانسیسی زبان کے لفظ بروشر Brocheor سے ماخوذ ہے ۔ وہ شخص جو خریدار اور فروخت کنندہ کے مابین کسی چیز کا سودا کرادیتا ہے اور اس خدمت کے عوض اجرت (کمیشن) وصول کرتا ہے‘دلّال کہلاتا ہے۔ ایک دلاّل جب خود فروخت کنندہ یا خریدار بن جاتا ہے تو وہ ایک طرح سے اصل مالک کا کردار ادا کرتا ہے۔ دلاّل کا بنیادی فرض یہ ہے کہ وہ خریدار اور فروخت کنندہ کا رابطہ کروائے۔ دلاّل اپنے گاہک کو اس کے سودے سے متعلق بازار کی مختلف معلومات فراہم کرتا ہے مثلاً قیمت‘ خریدی یا فروخت کی جانے والی شے کی تفصیلات اور بازار کے حالات وغیرہ۔ یہ دلاّل بیک وقت خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی نمائندگی نہیں کرسکتا۔ حصص‘ بانڈز اور دوسری مالیاتی خدمات میں دلّال کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ دلّالوں کی خدمات حاصل کرنے کا سب سے پہلا فائدہ تو یہ ہے کہ دلاّل بازار کے اتار چڑھاؤ سے واقف ہوتے ہیں اس کے علاوہ ان کے اپنے تعلقات بھی ہوتے ہیں۔ ان کے پاس ایسے ذرائع بھی ہوتے ہیں کہ وہ بڑے خریداروں تک باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔ وہ ان خریداروں کی چھان پھٹک کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ایک اور اہم فائدہ یہ ہے کہ دلّالی کی خدمات حاصل کرنے کے لئے جو اجرت دینی پڑتی ہے وہ فائدے کے مقابلے میں بہت تھوڑی ہوتی ہے۔