Description
تفصیل
انگریزی لفظ گیٹ کیپر کا مناسب ترین اردو ترجمہ تو ’’دربان‘‘ ہی ہے مگر اردو میں اس سے گیٹ کیپر کا مفہوم ادا نہیں ہوتا۔ البتہ اس اعتبار سے گیٹ کیپر کو دربان کہا جاسکتا ہے کہ وہ ایسا فرد ہے جو کاروبار زندگی کے مختلف مراحل میں ایک طریقے سے دربان ہی کا کام انجام دیتا ہے یعنی کسی کو روکنا اور کسی کو اجازت دینا۔
دربان وہ شخص کہلاتا ہے جو اس بات پر نظر رکھے کہ کسی مخصوص چیز یا مقام تک کوئی غیر متعلقہ شخص پہنچ نہ سکے خواہ یہ کوئی چہار دیواری ہو‘ عمارت ہو یا دستاویزات۔
بیسویں صدی کے آخر میں یہ اصطلاح اس شخص کے لئے استعمال کی گئی جو یہ فیصلہ کرتا تھا کہ کون سا مخصوص پیغام عوام تک پہنچنا چاہئے۔
گیٹ کیپر متعدد مقاصد کے لئے رکھا جاتا ہے مثلاً تعلیمی اداروں میں داخلے‘ مالیاتی مشاورت اور خبروں کی ادارت کے لئے۔ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے وقت گیٹ کیپر یہ دیکھتا ہے داخلے کی درخواست دینے والے طالب علم کی تعلیمی قابلیت کیا ہے‘ ٹیسٹ میں اس نے کتنے نمبر لئے ہیں‘ کس نسل سے تعلق رکھتا ہے‘ معاشرے میں اس کا کیا مقام ہے‘ خاندانی روابط کیا ہیں اور کھیل کود کی صلاحیت کیا ہے۔ گیٹ کیپنگ کی ممختلف تنظیمیں مشاورت طلب کرنے والوں کو دھوکہ دہی اور غیر مستند مشاورت سے محفوظ رکھنے کے لئے گیٹ کیپرز کو پیشہ ورانہ اسناد جاری کرتی ہیں۔ اسی طرح ایک اخبار کا مدیر ہی یہ فیصلہ کرتا ہے کہ کس خبر کو اہمیت دینی ہے اور کس مقام پر شائع کرنا ہے۔
کم و بیش اسی نوعیت کی ذمہ داریاں ٹیلی ویژن سے متعلق گیٹ کیپرز بھی ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح ایک طباعتی ادارے میں بھی گیٹ کیپر مستند اور باصلاحیت لوگوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کرتا ہے کہ اسے اپنی مطبوعات میں کس موضوع اور کس قلمکار کو کس مقام پر جگہ دینی ہے۔
اس کے علاوہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی جدید سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرچ انجن سے بھی گیٹ کیپنگ کا کام لیا جاتا ہے........ دوسری طرف ان سہولیات سے یہ خطرات بھی پیدا ہوگئے ہیں کہ بہت سی اہم معلومات نہ چاہنے کے باوجود بھی افشاں ہوسکتی ہیں۔
مغربی ممالک میں گیٹ کیپر کا یہی مفہوم (اپنی تمام تر مذکورہ تفصیلات کے ساتھ) لیا جاتا ہے جبکہ ایشیائی ممالک میں گیٹ کیپر کا مفہوم وہ ہے جو دربان یا چوکیدار کی اصطلاح میں موجود ہے۔