URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Professionalsپیشہ ور افراد

Lawyer وکیل

English NameLawyer
Urdu Name مُنصف ۔ وکیل ۔ جج ۔ حاکمِ دستور(تحقیق: حمیدی)

Description

تفصیل

لُغوی اعتبار سے وہ شخص جو مُروّجہ قوانین کا علم رکھتا ہو،قانون دان کہلاتا ہے۔ لیکن اصطلاحی اعتبار سے قانون دان ایسے شخص کو کہا جاتا ہے جو کم از کم ایل ایل۔بی کی ڈگری رکھتا ہو۔ واضح رہے کہ ایل ایل۔بی ایک پوسٹ گریجویٹ ڈگری ہے۔ ایل ایل۔بی میں کامیاب شخص کو ایل ایل۔ بی کرنے کے بعد عدالت میں پیش ہونے کے لئے بار کونسل سے لائسنس لینا پڑتا ہے۔ قانون کی تفصیلی تقسیم کے اعتبار سے ماہرینِ قانون بھی اپنی خاص جِہتوں میں مہارت حاصل کرتے ہیں اور پھر اپنے شعبے سے متعلق مقدمات میں عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔ مثلاً دیوانی‘ فوجداری‘ انکم ٹیکس اور دستوری نوعیت کے مقدمات وغیرہ۔ بہتر طور پر وہی ماہرینِ قانون لڑ سکتے ہیں جو ان مخصوص قوانین میں مہارت رکھتے ہوں۔ یہ ماہرینِ قانون اگر سرکاری ملازمت سے وابستہ ہوں تو اُن کے مناصِب، اُن کے تجربے اور اُن کی لیاقت کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ان کا کام حکومت کی طرف سے عدالت میں پیش ہونا ہوتا ہے۔ یہی وکلاء درجہ بدرجہ ترقی پاتے ہوئے سِوِل جج‘ سیشن جج‘ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک پہنچ جاتے ہیں۔ عدالت کے آداب ملحوظ رکھنا ہر شخص پر اور بالخصوص وکلاء پر لازم ہے کیونکہ عدالت کی کرسی پر بیٹھنے والا جج یا قاضی ایسا شخص تصور کیا جاتا ہے جو بغیر کسی لاگ لپیٹ کے قانون کی اصل روح کے مطابق فیصلہ سناتا ہے جو یقیناً کسی ایک کے حق میں اور دوسرے کے خلاف ہوتا ہے۔ وکلاء کو اس بات کا اختیار ہوتا ہے کہ وہ بحث کے دوران سوالات اٹھائیں اور فریق مخالف سے ان کے جوابات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ لیکن اگر جج یہ سمجھتا ہے کہ وکیل کا اٹھایا ہوا سوال غیر متعلق ہے تو وہ اس سوال کو رَد کرسکتا ہے۔ جبکہ وکیل اگر یہ سمجھتا ہے کہ یہ سوال اگلے مرحلے پراُس کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ تو اسے اس بات کا اختیار ہے کہ وہ اپنے سوال کو کارروائی کا حصہ بنانے کی درخواست کرے۔کم و بیش ہر مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد اس بات کی گنجائش ہوتی ہے کہ اگلے مرحلے میں اپیل کی جاسکے۔ صرف عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کی اپیل نہیں کی جاسکتی مگر ان پر نظرِ ثانی کی درخواست کی جاسکتی ہے۔ ایک عدالت "لیبر کورٹ" کے نام سے بھی ہے جہاں پیش ہونے والے وکیل کے لئے ایل ایل۔ بی ہونا ضروری نہیں ہوتا بلکہ شرط صرف یہ ہے کہ وہ شخص کسی رجسٹرڈ ٹریڈ یونین کا عہدےدار ہو۔ ان عدالتوں میں مزدوروں کے قوانین کے ماہرین (جو پیشہ ور بھی ہوتے ہیں اور کبھی یونین کے عہدیداران بھی ہوتے ہیں) عام طور پر مزدوروں کی طرف سے عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔ مالکان کی جانب سے بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ کوئی غیر مستند وکیل عدالت میں پیش ہو۔ عام طور پر وہ بھاری مُشَاہَرے پر بڑے وُکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

Poetry

Pinterest Share