Description
تفصیل
اس معالج کو کہتے ہیں جو گفتگو اور زبان کی بے ترتیبی پر خصوصی مہارت رکھتا ہو۔قواعد کے مطابق زبان کے استعمال سے بھی واقف ہو۔ اِسے مختلف ممالک میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے مثلاًامریکہ‘ کینیڈا اور فلپائن میں اسپیچ لینگویج پیتھالوجسٹ ‘ انگلینڈ‘ آئر لینڈ اور جنوبی افریقہ میں اسپیچ لینگویج تھیراپسٹ ‘ آسٹریلیا اور فلپائن میں اسپیچ پیتھالوجسٹ اور نیوزی لینڈ میں اسپیچ لینگویج تھیراپسٹ کہا جاتا ہے۔
ان معالجین کا ڈاکٹروں‘ نرسوں‘ ماہرینِ غذا‘ ماہرین تعلیم‘ اور بنیادی صحت کے ماہرین کے علاوہ والدین اور سرپرستوں سے قریبی رابطہ ہوتا ہے۔
انہیں مریض کو دیکھ کر اور مذکورہ ذرائع سے جو معلومات حاصل ہوتی ہیں ان کی مدد سے مریض کے اُن نقائص یا کمزوریوں کا پتا چل جا تا ہے جن کی وجہ سے اسے گفتگو کرنے میں ‘الفاظ کی ادائیگی میں یا خیالات کے اظہار میں دِقّت پیش آرہی ہوتی ہے اور پھر انہی علامات کے مطابق یہ معالجین اپنے مریضوں سے مختلف مشقیں کرواتے ہیں اور یوں رفتہ رفتہ مریض صحت یاب ہو جاتا ہے۔
اس طریقۂ علاج کی عمر ابھی آٹھ دس سال سے زیادہ نہیں ہے تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اورتحقیقی نتائج میں بہتری کی امید کی جاسکتی ہے۔