Description
تفصیل
سلیم شاہی جُوتے کا تَلا ناگرہ سے ملتا جُلتا ہوتا ہے گویا اس کا پنجہ خاصہ چوڑا مگر بیضوی طرز کا، درمیان میں نہایت پتلا اور ایڑی عام جُوتوں کی ایڑی سے خاصی چھوٹی بیضوی طرز کی ہوتی ہے۔ البتہ پنجہ کا اوپری سِرا نوکدار اور کسی پرندے کی خم دارچونچ کی طرح اوپر کو اُٹھا اور مُڑا ہوا ہوتا ہے۔ پورے اَستر پر زردوزی کا بہترین کام کیا ہوا ہوتا ہے۔ خوبصورت ڈیزائن اور بسااوقات جڑاؤ یا نگینہ سازی کا نمونہ ہوتا ہے۔ اس طرز کا جُوتا مغلیہ دور کے مشہور بادشاہ نورالدین محمد جہانگیر(شاہ زادہ سلیم) کے نام سے موسوم ہے۔ آج کل یہ جُوتا شادی بیاہ کے مواقع پر دُلہا اور اس کے قریبی عزیز و اقارب ہی استعمال کرتے ہیں۔ بعض شوقین حضرات عیدین کے تہواروں پر بھی پہنتے ہیں۔ شیروانی، کُرتا شلوار اور کُرتا پاجامہ پر اس کا رنگ اپنے عروج پر نظر آتا ہے۔ سلیم شاہی نہایت دیدہ زیب اور مشرقی روایات کا مظہر ہے۔