URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Dressesکپڑے

Dastana دَستانہ

English NameDastana
Urdu Name دستی غلاف / دستی موزہ
Image

Description

تفصیل

ہاتھوں میں پہننے کا غلاف دستانہ کہلاتا ہے۔ یہ مختلف اشیاء سے تیار کیا جاتا ہے اور اس کے مقاصد بھی کثیر ہوتے ہیں۔ گھریلو خواتین عموماً کچن میں یا باتھ روم میں جب کام کرتی ہیں تو جراثیم سے بچنے کے لئے باریک ربر یا نائیلون کے دستانے استعمال کرتی ہیں لیکن کھانا پکانے کے دوران یا گرم اشیاء کو تھامنے کے لیے دبیز کپڑے کے تیار شُدہ دستانے استعمال کرتی ہیں۔اسی طرح نائلن یا ربر کے باریک یا دبیز دستانے ڈاکٹر صاحبان یا اسٹاف نرسیں بھی طبی امور کی انجام دہی کے دوران استعمال کرتے ہیں۔وہ لڑکیاں جو اسکول، کالج یا یونیورسٹی جاتی ہیں یا دفاتر میں کام کرنے والی خواتین دورانِ سفر سورج کی شعاعوں سے ہاتھوں کی جِلد کو محفوظ رکھنے کے لئے سفید یا سیاہ رنگ کے سُوتی دستانے استعمال کرتی ہیں۔ موٹر سائیکل چلانے و الے حضرات ایسے دستانے استعمال کرتے ہیں جن میں انگلیوں کے اگلے سِرے کُھلے ہوتے ہیں تاکہ سفر کے دوران گاڑی کے ارتعاشات اور دھوپ کی تپش سے محفوظ رہ سکیں۔ بعض افراد مکمل دستانے بھی استعمال کرتے ہیں۔ عموماً یہ دستانے نرم چمڑے کے بنے ہوتے ہیں۔ بجلی کا کام کرنے والے حضرات موٹے ربڑ کے بڑے دستانے استعمال کرتے ہیں تاکہ برقی رو (کرنٹ) سے محفوظ رہ سکیں، خاص طور پر لائین مین جو بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر یا کسی اور مقام پر ہائی ٹینشن تاروں کا کام کر رہے ہوں ، ربر کے بڑے دستانے استعمال کرتے ہیں۔ کرکٹ کے کھیل میں وکٹ کیپر حضرات کے دستانے خاصے بڑے اور دبیز ہوتے ہیں ۔ یہ دستانے ایک طرف تو انہیں فیلڈنگ کرنے میں آسانی فراہم کرتے ہیں اور دوسری جانب ہاتھ میں آئی تیز رفتار گیند پر گرفت رکھنے یعنی کیچ کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ بلّے باز حضرات جو دستانے استعمال کرتے ہیں وہ سُوتی اور انگلیوں کی اوپری سطح پر سخت ربڑ یا چمڑے کے بنے ہوئے ہوتے ہیں تاکہ تیز رفتار گیند کی بھرپور ضرب سے انگلیوں اور ہاتھوں کو محفوظ رکھ سکیں۔ بَیس بال کے دستانے ذرا مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں، یہ بھی گیند کی ضرب سے بچنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔مزدور حضرات اور سخت کام کرنے والے افراد چمڑے کے بنے ہوئے دستانے پہنتے ہیں تاکہ ان کی انگلیاں سخت کام کے دوران زخمی ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔

Poetry

Pinterest Share