Description
تفصیل
لغوی اعتبار سے اس لفظ کے معنی ہیں ’’درست معلومات فراہم کرنے والا‘‘۔ اصطلاحی اعتبار سے ایک ایسے شخص کو معلم کہا جاتا ہے جو کسی درس گاہ میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتا ہو۔
فی زمانہ تعلیم و تَعَلُّم کو کئی مراحل میں تقسیم کر دیا گیا ہے مثلاً بنیادی تعلیم (پرائمری)، ثانوی تعلیم (سیکنڈری)، اعلٰی ثانوی (ہائِر سیکنڈری) اور دانش کدہ( کالج) اور جامعہ یا دانش گاہ(یونیورسٹی) کی تعلیم۔ اس تقسیم کی وجہ سے ان اداروں میں اِن مراحل کی تعلیم و تربیت دینے والے مُعَلّمِین: ٹیچر،انسٹرکٹر، لیکچرر، ڈیمونسٹریٹر اور پروفیسر جیسے الفاظ سے موسوم کر دیئے گئے ہیں جو بنیادی طور پر بہرحال مُعلّم ہی ہیں۔
اس دورِ تخصص (Specialization) میں ایک بات یہ ضرور ہوئی ہے کہ معلمین اپنے مضامین اور اپنے درجات کے مطابق نہ صرف تعلیم حاصل کرتے ہیں بلکہ انہیں عملی اور پیشہ ورانہ تربیت سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔ یہ بڑا مقدس پیشہ ہے جسے انبیاء علیہم السلام کا پیشہ کہا جاتا ہے۔ کاش.... ہم اس کی تقدیس کا بھرپور اہتمام و انصرام کرسکتے۔