Description
تفصیل
نیل کنٹھ ایک درمیانے سے بڑی جسامت والا Coraciidae نسل سے تعلق رکھنے والاBenghalensis خاندان کا پرندہ ہے جس کی لمبائی 26-27 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔ اس کا سینہ نیلگوں مائل خاکی ہوتا ہے۔ سر اور پروں بازوں کے پروں کا رنگ نیلا جب کہ باقی جسم پر جامنی رنگ چھلکتا ہے۔ دُم آسمانی رنگ لئے ہوتی ہے اور اس کے سرے چمکیلے نیلے رنگ میں ہوتے ہیں۔ اس کی چونچ گہرے ہرے رنگ کی ہوتی ہے جب کہ گردن اور حلق کے سارے پر جامنی رنگ لئے ہوتے ہیں۔
نیل کنٹھ کی نسلیں عراق‘ عرب سے لے کر برصغیر‘ ملائیشیا‘ انڈونیشیا اور ہندچینی کے تمام علاقوں میں پائی جاتی ہیں۔ یہ کوّے کی نسل سے بھی خاصی مشابہت رکھتا ہے۔ گھنے جنگلات اور ہرے بھرے میدانوں کو اپنی آماجگاہ بناتا ہے۔ سڑکوں کے کنارے بجلی کے تاروں اور درختوں کی ٹہنیوں پر بکثرت دکھائی دیتا ہے۔ یہ کیڑے مکوڑے کھاتا ہے اور چھوٹے موٹے رینگنے والے کیڑے بھی اس کا شکار بن جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ چھوٹے چھوٹے سانپ بھی اس کی خوراک بن جاتے ہیں۔ عموماً یہ زمین سے 3-10 میٹر کی بلندی پر بیٹھ کر زمین پر اپنا شکار ڈھونڈتا رہتا ہے اور جب شکار نظر آتا ہے تو پھر باقاعدہ اسے لقمہ بنالیتا ہے۔ نیل کنٹھ رات کے وقت مصنوعی روشنی میں بھی شکار کرنے کا مشغلہ جاری رکھتا ہے۔ ان کی افزائش نسل کا موسم مارچ سے جون کے درمیان ہوتا ہے۔ نر اور مادہ دونوں اپنے انڈے سیتے ہیں۔ 17-18 دنوں میں ان انڈوں سے بچے نکل آتے ہیں اور ایک ماہ کے اندر ہی یہ بچے بڑے ہوجاتے ہیں جس کے بعد یہ بچے گھونسلا چھوڑ دیتے ہیں۔
نیل کنٹھ کی آواز کوّوں کی آواز سے ملتی جلتی ہے۔ یہ مل جل کر انتہائی شورشرابہ کرتے ہیں اور خاص کر بریڈنگ کے وقت بے پناہ شور و غل مچاتے ہیں۔
ہندو عقائد کے مطابق دسہرہ کے دن نیل کنٹھ کو دیکھنا مبارک شگون سمجھا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا رنگ بنیادی طور پر نیلا ہوتا ہے جو شیوا جی مہاراج کے رنگ سے مشابہ ہے جس کی بنا پر نیل کنٹھ کو ہندو تہذیب میں مقدس پرندے کا درجہ حاصل ہے اور آندھرا پردیش‘ بہار‘ کرناٹک اور اڑیسہ کی حکومتوں کے اعلامیہ کے مطابق نیل کنٹھ کو مملکت کا پرندہ قرار دیا گیا ہے اور اس کا شکار ممنوع ہے۔