Description
تفصیل
پیاز سے مشابہ ایک ترکاری جو ہنڈیا میں استعمال ہوتی ہے۔اس کی گانٹھ کو " پوتھی" یا "پُتھّی" کہا جاتا ہے جس میں کئی جَوِے ہوتے ہیں جو مخروطی شکل کے ہوتے ہیں اور جسامت میں عموماً بادام کی گِری سے ذرا سے بڑے ہوتے ہیں۔
لہسن ترکاریوں میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ہنڈیا میں بطور مسالے کے مستعمل ہے۔لہسن تقریباً تمام مشرقی اور کئی مغربی،چینی،اطالوی کھانوں کا اہم جُزو تسلیم کیا جاتا ہے اور دُنیا بھر کے کھانوں میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جس سے کھانوں کا ذائقہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ بعض دالوں میں اس کا تڑکہ(بگھار) بھی لگایا جاتا ہے جس سےدالوں میں مَہک اور لذّت پیدا ہوجاتی ہے۔ طبّی خواص کے لحاظ سے بھی لہسن انتہائی مُفید ہے۔ دل کے امراض یا خُون میں بڑھنے والی چربی ( کولسٹرول)کی بیشتر دوائیں لہسن کے تیل سے تیّار کی جاتی ہیں۔
البانیہ میں "گارلک بریڈ" یعنی لہسن کی روٹی بھی تیّار کی جاتی ہے۔لہسن کو بہت سے افراد اُس کی تیز خوشبو کی وجہ سے پسند نہیں کرتے حالانکہ غذائوں میں شامل ہونے کے بعد لہسن کی بُو ختم ہوجاتی ہے اور اگر لہسن کی چٹنی جو ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہوتی ہے،اسے کھانے کے بعد منہ کی ناگوار بُو کا احساس ہو تو لہسن کے استعمال کے بعد بھُنی ہوئی سونف اور دھنیا گری تھوڑے سے باریک تراشے ناریل کے ساتھ کھائی جائے تو کسی بھی طرح کی بُو کا احساس نہیں ہوتا اور غذا کی افادیت بھی بڑھ جاتی ہے۔