Description
تفصیل
شملہ مرچ بہت خوبصورت مرچ ہے جو مختلف رنگوں میں پائی جاتی ہے۔ اسے "پَہاڑی مرچ" بھی کہا جاتا ہے اور یہ چمک دار اور مختلف شوخ رنگوں کی ہوتی ہیں مثلاً سبز(ہری)‘ سُرخ‘ زرد‘ بنفشی، بھوری اور کالی(سیاہ) ۔ رنگت مختلف ہونے کے باوجود ان مرچوں کے پودے ایک جیسے ہوتے ہیں اور اکثر ایک ہی پودے پر دو یا تین رنگوں کی شملہ مرچیں آتی ہیں۔ اس طریقے کو سائنسی اصطلاح میں Capsicum annuum کہا جاتا ہے اور یہ اُس خاص پیداوار سے تعلق رکھتی ہیں جن میں ٹماٹر‘ آلو اور بینگن بھی شامل ہیں۔تازہ شملہ مرچ ہمیشہ خستہ اور نسبتاً کڑک ہوتی ہے جو موسمِ سرما کی سبزی ہے لیکن کچھ علاقوں میں اس کی کاشت کا موسم، گرما بھی ہے۔ شملہ مرچ کا پَودا ٹماٹر کے پودوں کی طرح آہستگی سے بڑھتا ہے۔ شملہ مرچ گداز ہوتی ہے اور اس کی بناوٹ کُروی ہوتی ہے اور ان میں تین سے چار جُڑے ہوئے قطعات شامل ہوتے ہیں۔ شملہ مرچ کی دوسری اقسام کی بناوٹ کسی قدر مخروطی ہوتی ہے اور ان میں قطعات بھی نہیں پائے جاتے۔ گول شملہ مرچ کی جسامت 2 سے 5 انچ کے قُطر تک ہوتی ہے اور اس کی لمبائی 2 سے 6 انچ تک ہوتی ہے۔ اس کے اندر موٹا گودا ہوتا ہے جس میں بیج بھی موجود ہوتے ہیں۔اس گودے کا رنگ سفیدی مائل ہلکا زرد ہوتا ہے اور یہ اسفنجی ساخت کا حامل ہوتا ہے۔ شملہ مرچ لذیذ اور خستہ ہوتی ہے اس کے علاوہ اس میں عام مرچوں والی تیزی بھی نہیں پائی جاتی۔ سبز اور جامنی مرچ کا ذائقہ ہلکا سا تلخ ہوتا ہے جبکہ سرخ‘ نارنجی اور زرد مرچوں کا ذائقہ کسی حد تک میٹھا اور تقریباً پھلوں کی طرح ہوتا ہے۔اس کی دیگر اقسام سُرخ مرچ اور زرد مرچ، یہ دونوں بھی سُرخ شملہ مرچ کے اختلاط سے کاشت کی جاتی ہیں۔
شملہ مرچ شمالی ہند کے کھانوں خاص کر موٹے قیمے کے ساتھ ملا کر پکائی جاتی ہے۔چینی(چائینیز) کھانوں کا اہم جُزو ہے۔دیگر ممالک کے کھانوں اور دوائوں میں بھی اس مرچ کا استعمال کیا جاتا ہے۔
برصغیر میں "علاج برائے غذا" کے طور پر استعمال کی جاتی رہی اور اسے پہاڑی مِرچ کے نام سے تعبیر کیا گیا۔